نیویارک،13جنوری/(آئی این ایس انڈیا)اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسماعیل ولد شیخ احمد نے یمن میں جاری بحران کے حل کے لیے پیش کردہ خلیجی امن منصوبے کی حمایت کرنے والے گروپ کے سفیروں سے ملاقات کی ہے۔انھوں نے خلیج تعاون کونسل کے جنرل سیکریٹریٹ میں ہونے والی اس ملاقات میں یمن سے متعلق تازہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا ہے۔اسماعیل ولد شیخ احمد کا کہنا ہے کہ اب وہ عدن جارہے ہیں جہاں وہ یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی اور ان کی حکومت کے دیگر عہدہ داروں ملاقات کریں گے اور پھر صنعا میں حوثی ملیشیا کے لیڈروں سے بات چیت کریں گے۔اس کے بعد وہ نیویارک جائیں گے جہاں وہ 25جنوری کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو یمن کی تازہ صورت حال اور بحران کے حل کے لیے اپنی کوششوں سے آگاہ کریں گے۔